مودی نے من کی بات میں ایمرجنسی کے دور کو یاد کیا
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے من کی بات پروگرام میں ایمرجنسی کے دور کو یاد کیا ۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو قومی ریڈیو آکاش وانی سے نشر ہونے والے اپنے ہفتے وار من کی بات پروگرام میں کہا کہ ملک ایمرجنسی کو کبھی نہیں بھول سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کے دورکو بھولنا بھی نہیں چاہئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی میں ملک کی جمہوریت اور عام لوگوں کے حقوق کو جس بے رحمی سے کچلا گیا، اس کو ملک کی آنے والی نسلیں کبھی نہیں بھلا سکتیں۔
نریندر مودی نے کہا کہ جون انیس سو پچھتر میں ملک میں ایمرجنسی لگا کر لوگوں کے حقوق کو سلب کرلیا گیا اور جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا گیا۔ انہوں نے ایمرجنسی کے دور کو گھٹن کا بھیانک دور قرار دیا۔
یاد رہے کہ جون انیس سو پچھتر میں اپوزیشن کے ملک گیر پر تشدد مظاہروں میں شدت کے بعد اندرا گاندھی کی سربراہی میں کانگریسی حکومت نے ملک میں ایمرجنسی کا اعلان کرکے میسا اور ڈی آئی آر نامی قوانین کو فعال کردیا تھا جن کے تحت حزب اختلاف کے رہنماؤں کو گرفتار کرکے جیلوں میں بند کردیا گیا۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ایمرجنسی کو لوگوں کے بنیادی جمہوری حقوق کی پامالی کا بھیانک دور ایسی حالت میں قرار دیا ہے کہ بہت سے تجزیہ نگار ان کی حکومت پر بھی جمہوری اقدار کی پامالی اور ہر مخالف آواز کو دبانے کا الزام لگاتے ہیں۔ ہندوستان میں اپوزیشن رہنماؤں کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں طلبی اور ٹیسٹا سیتل واد جیسی سماجی اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاری کو اسی تناظر میں دیکھتے ہیں۔
ہندوستان کی معروف صحافی اور انسانی حقوق کی کارکن ٹیسٹا سیتل واد کو بھی سنیچر کو ممبئی میں ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ان پر دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش سمیت مختلف دفعات لگائی گئی ہیں۔