Jun ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۹:۲۱ Asia/Tehran
  • صحافی محمد زبیر پٹیالا ہاؤس عدالت میں پیش

دہلی پولیس نے صحافی محمد زبیر کو منگل کے روز پٹیالا ہاؤس عدالت میں پیش کردیا۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے معروف صحافی اور آلٹ نیوز کے بانی محمد زبیر کو پیر کے دن گرفتار کیا تھا اور ایک دن اپنے پاس رکھنے کے بعد منگل کو عدالت میں پیش کیا۔

دوسری جانب، ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا اور پریس کلب آف انڈیا نے محمد زبیر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا کا کہنا ہے کہ صحافی محمد زبیر غلط معلومات پھیلانے والی مہموں کے خلاف کام کر رہے تھے، اسی بناپر انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔

پریس کلب آف انڈیا نے بھی کہا ہے کہ محمد زبیر کو غلط معلومات پھیلانے کی ویجیلینس کی قیمت چکانا پڑ رہی ہے جو افسوسناک ہے۔ اس سے پہلے کانگریس، عام آدی پارٹی، ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی، ترنمول کانگریس اور حزب اختلاف کی بعض دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی صحافی محمد زبیر کی گرفتاری کو بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیا تھا۔

کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ہر وہ شخص جو بھارتیہ جنتا پارٹی کا نفرت بھرا چہرہ بے نقاب کرتا ہے وہ ان کی حکومت کے لئے خطرہ ہے۔ انھوں نے خبردار کیا ہے کہ سچ کی ایک آواز کو دبانے کے لئے ایسی ہزاروں آوازیں جنم لیں گی۔

قابل ذکر ہے کہ دہلی کی پولیس نے محمد زبیر کو دوہزار اٹھارہ کے ایک ٹوئٹ کو بہانہ بناکر گرفتار کر لیا ہے۔ دہلی پولیس نے محمد زبیر پر لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے سمیت مختلف الزامات کے تحت مقدمہ قائم کیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق دہلی پولیس نے یہ نہیں بتایا ہے کہ انہیں گرفتاری کے بعد کہاں حراست میں رکھا گیا ہے۔

ٹیگس