ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتی نزدیکیاں
ہندوستان اور سعودی عرب نے جمعرات کو دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع برائے اسٹریٹجک امور احمد اے اسیری نے نئی دہلی میں ہندوستان کے سیکرٹری دفاع ڈاکٹر اجے کمار سے ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو بڑھانے کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی نائب وزیر نے وزیر دفاع کو ہندوستان - سعودی عرب مشترکہ کمیٹی برائے دفاعی تعاون (جے سی ڈی سی ) کی پانچویں میٹنگ کے بارے میں بتایا جو 29 جون 2022 کو منعقد ہوئی تھی۔ جے سی ڈی سی میٹنگ کی مشترکہ صدارت جوائنٹ سکریٹری (مسلح افواج) دنیش کمار اور احمد اے اسیری نے کی۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے مشترکہ مشقوں، ماہرین کے تبادلوں اور صنعتی تعاون میں ہونے والی پیش رفت سمیت ملٹری ٹو ملٹری تعاون کا جائزہ لیا۔
اس نشست میں دفاعی صنعت میں تعاون کو بڑھانے کے لیے مشترکہ منصوبے کے لیے نئی راہوں کی نشاندہی کرنے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں کا جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اسکے علاوہ موجودہ مشترکہ بحری مشقوں کے دائرہ کار اور پیچیدگیوں کو بڑھانے اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ مشقوں کو وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ جے سی ڈی سی کی اگلی میٹنگ سعودی عرب کی میزبانی میں 2023 میں ہونا طے پائی ہے۔