Jul ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۵:۴۵ Asia/Tehran
  • روس اور ہندوستان کی اسٹریٹیجک شراکت داری پر تاکید

روس کے صدر اور ہندوستان کے وزیراعظم نے اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کے بارے میں گفتگو کی۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق کرملین نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین اور ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے ماسکو اور نئی دہلی کے درمیان اقتصادی تعلقات اور باہمی روابط کو فروغ دینے کے بارے میں ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

روسی صدر ولادیمیر پوتین نے ہندوستانی وزیراعظم کی درخواست پر انھیں یوکرین میں روس کے خصوصی فوجی آپریشن کے اصلی پہلؤوں کی اطلاع دی ۔ ولادیمیر پوتین نے کیف اور اس کے مغربی حامیوں کی خطرناک ماہیت اور اشتعال انگیز رویئے کو بحران میں شدت کا باعث اور اس بحران کے سفارتی و سیاسی راہ حل کے لئے جاری کوششوں میں رکاوٹ قرار دیا ۔

ولادیمیر پوتین اور نریندر مودی نےخوراک کی عالمی منڈی کی موجودہ صورت حال کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا ۔ ولادیمیر پوتین نے بعض ممالک کی ٹارگیٹڈ مسٹیک کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ یہ امر غذائی مصنوعات کی آزاد تجارت کے نظام میں خلل ڈالنے اور قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے  کا باعث ہوا ہے۔

ہندوستانی وزیراعظم کے دفتر نے بھی اعلان کیا ہے کہ نریندر مودی نے روسی صدرولادیمیر پوتین سے یوکرین کے حالات پر گفتگو کی اور ایک بار پھر اس بحران کو گفتگو اور سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے پر مبنی ہندوستان کے پائیدار موقف پر زور دیا ۔

 

ٹیگس