ہندوستان میں حزب اختلاف کے اراکین پارلیمان کا مظاہرہ
ہندوستان میں مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے احتجاج کا سلسلہ جمعے کو بھی جاری رہا۔
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق کانگریس اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے اراکین پارلیمان نے جمعے کو بھی پارلیمنٹ ہاؤس احاطے میں گاندھی جی کے مجسمے کے سامنے مہنگائی کے خلاف مظاہرہ کیا۔
ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں، لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں کارروائی شروع ہونے سے پہلے کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنماؤں کی قیادت میں انجام پانے والے اس احتجاجی مظاہرے میں بڑھتی ہوئی مہنگائی روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔
ہندوستان کے حزب اختلاف کے اراکین پارلیمان نے اسی کے ساتھ مرکز کی بی جے پی حکومت پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مہنگائی پر بحث سے گریز اور اپوزیشن کی آواز دبانے کا الزام لگایا۔
احتجاج کرنے والے اپوزیشن اراکین پارلیمان نے کہا کہ اگر حکومت پارلیمان کی کارروائیاں چلانا چاہتی ہے تو وزیر اعظم نریندر مودی خود ایوان میں آئیں اور دونوں ایوانوں میں مہنگائی اور جی ایس ٹی پر بحث کرائیں۔