افغانستان کے لئے ہندوستان کی انسان دوستانہ امداد کا سلسلہ جاری
ہندوستان کے وزیر خارجہ نے افغان عوام کے لئے ہندوستان کی انسان دوستانہ امداد کا سلسلہ جاری رہنے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر خارجہ جے شنکر نے ازبکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ ان کا ملک، افغان عوام کے لئے گندم، دواؤں، ویکسین اور لباس پر مشتمل اپنی انسان دوستانہ امداد کی ترسیل جاری رکھے گا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کورونا وبا، یوکرین کی جنگ، غذائی اور توانائی کی سلامتی پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اس سے قبل ہندوستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھی اعلان کیا تھا کہ افغان عوام کے لئے ہندوستان کی انسان دوستانہ امداد کا سلسلہ جاری رہے گا اور ہندوستان خوراک کی عالمی تنظیم کے تعاون سے افغانستان کے لئے انسان دوستانہ امداد کے تحت تینتیس ہزار پانچ سو ٹن گندم ارسال کر چکا ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان نے افغان عوام کو پچاس ہزار ٹن گندم کی امداد کا وعدہ کیا ہے۔ ہندوستان اور دیگر ملکوں منجملہ ایران کی جانب سے افغانستان کی امداد کا سلسلہ ایسی حالت میں جاری ہے کہ افغانستان کو اس وقت بدترین اقتصادی بحران اور بھکمری کا سامنا ہے جبکہ امریکہ کے دو عشروں تک جاری رہنے والے غاصبانہ قبضے کے نتیجے میں یہ ملک مختلف شعبوں میں تباہی کا شکار ہو گیا ہے۔