Aug ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۸:۴۵ Asia/Tehran
  • کانگریس پارٹی کا ملک گیر بھارت جوڑو مارچ شروع کرنے کا اعلان

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے سات ستمبر سے بھارت جوڑو یاترا نکالنے کا اعلان کردیا ہے۔

نئی دہلی میں کانگریس ہیڈاکوارٹر میں پارٹی کے میڈیا انچارج جے رام رمیش نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آج ہی کے دن، نو اگست انیس سو بیالیس کو مہاتما گاندھی کی قیادت میں انڈین نیشنل کانگریس نے انگریزوں کے خلاف ہندوستان چھوڑو تحریک شروع کی تھی جس کے نتیجے میں پانچ برس بعد ہندوستان کو آزادی مل گئی۔ انہوں نے کہا کہ اب اسّی سال بعد کانگریس پارٹی سات ستمبر سے جوڑو انڈیا، کے نام سے کنیا کماری سے کشمیر تک کا سفر شروع کرنے جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا میں، ملک کی بارہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں سے ہوتے ہوئے، تین ہزار پانچ سو کلومیٹر کی مسافت ایک سو پچاس دن میں طے کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ان تمام لوگوں سے بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہونے کی اپیل کرتی ہے جو ملک کو خوف اور تعصب کی سیاست، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور روزی روٹی کو نقصان پہنچانے والے عدم مساوات کے حالات کو تبدیل کئے جانے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں۔
کانگریس پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی بھارت جوڑو یاترا کی حمایت کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ آج کے دن انگریزوں کے خلاف بھارت چھوڑو تحریک شروع ہوئی تھی آئیے آج ہم جوڑو انڈیا کا عہد کریں اور کثرت میں وحدت کا پرچم بلند کریں۔

ٹیگس