Sep ۰۸, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۲ Asia/Tehran
  • ایران و ہندوستان کے درمیان فارسی مسودات و دستاویزات محفوظ بنانے کے لئے معاہدہ

فارسی مسودات کو محفوظ بنانے کا یہ معاہدہ بہت اہمیت کا حامل ہے اور یہ مسودات صدیوں پر پھیلے ایران ہندوستان تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔

ایران اور ہندوستان کے درمیان ایک ایم او یو پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے مطابق ہندوستان کی ریاست تلنگا میں موجود 33 ملین فارسی زبان کے مسودات  کی بحالی، بچاؤ، انہیں ڈیجٹلائز اور کیٹالاگ بنانے میں  مل کر کام کیا جائے گا۔

اس معاہدے پر ایران کے  نور مائیکرو فیلم بین الاقوامی سنٹر کے صدر اور ٹلنگانا ریاست  کے ڈاکومنٹ آرکائیو اور ریسرچ مرکز کے درمیان بدھ کے روز دستخط کئے گئے۔

ہندوستانی ریاست تلنگانا میں موجود یہ آرکائیو اور ڈاکومنٹ مرکز اہم تاریخی مراکز میں سے ایک ہے اور اس میں سیاست، کلچر، تاریخ، سائنس اور اکنامکس کے اہم مآخذ ذخیرہ کئے گئے ہیں۔

حیدرآباد اور جنوبی ہندوستان میں ایرانیوں کی موجودگی، شیعہ حکومتوں کا قیام، ایرانی اسکالزز اور سائنس دانوں کی اس خطے میں خدمات کی تاریخ پانچ سوسال پرانی ہے جن کی وجہ سے سیاست، معیشت اور ثقافت کے میدان میں جنوبی ہند میں بہت اہم تبدیلیاں رونما ہوئیں۔

اس مرکز میں فارسی، عربی اور اردو زبان کے 44 ملین ڈاکومنٹس موجود ہیں۔ ہندوستان میں یہ سینٹر مرکزی آرکائیو کے نام سے مشہور ہے اور دوسرے بہت سے مراکز اس سے وابستہ ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آج کوئی بھی محقق ماضی اور حال کا درست تجربہ اور تصویر اس وقت تک پیش نہیں کرسکتا جب تک وہ جنوبی ہند میں ایرانیوں، ایرانی مسلمانوں اور شیعہ حکمرانوں کے کردار کا مطالعہ نہ کرے۔

ایرانیوں کی ہندوستان میں موجودگی کے اثرات آج بھی  فن تعمیر، زبان، کلچر، فن اور زندگی کے دوسرے میدانوں میں دیکھے جا سکتے ہیں۔نور مائکرو فلم سنٹر کے سربراہ مہدی خواجہ پیری نے کہا کہ فارسی مسودات کو محفوظ بنانے کا یہ معاہدہ بہت اہمیت کا حامل ہے اور یہ مسودات  صدیوں پر پھیلے ایران ہندوستان کے تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔

 

ٹیگس