Oct ۰۹, ۲۰۲۲ ۲۲:۰۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی ایک اور مشہور فلم اداکارہ نے دین اسلام کے لئے فلمی دنیا کو خیر باد کہا

ہندوستان کی مشہور بھوجبپوری اور تمل فلم اداکارہ سحر افشاں نے دین اسلام کے لئے فلمی صنعت کو خیر باد کہہ دیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق مشہور بھوجپوری اور تمل فلم اداکارہ سحر افشاں نے اپنے کیریئر کے عروج پر فلمی دنیا کو ہمیشہ کے لئے چھوڑ دیا ہے۔ سحر افشاں نے فلمی دنیا سے علیٰحدگی کی اطلاع انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعہ دی ہے۔ انہوں نے اردو، رومن اردو اور انگریزی میں اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں لکھا ہے کہ میں آپ سب کو مطلع کرنا چاہتی ہوں کہ میں نے یہ طے کیا ہے کہ میں شوبز ( فلم انڈسٹری) کو چھوڑ رہی ہوں اور اب اس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔

28 سالہ اداکارہ سحر افشاں نے مزید لکھا ہے کہ انشا ﷲ میں آئندہ زندگی اسلامی تعلیمات اورﷲ کے احکامات کے مطابق گزارنے کا ارادہ رکھتی ہوں اور یہ کہ اپنی گزشتہ زندگی سے توبہ کرتی ہوں اورﷲ سے معافی کی طلبگار ہوں۔ بھوجپوری سپر اسٹاروں کے ساتھ کام کرچکی اداکارہ سحر افشاں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اگر چہ مجھے بہت زیادہ شہرت و دولت ملی لیکن اب یہ سب کچھ ختم کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔

سحر افشاں لکھتی ہیں کہ آپ سب سے دعا کی درخواست ہے کہ ﷲ مجھے استقامت اور نیکی والی زندگی عطا فرمائے نیز میں امید کرتی ہوں کہ مجھے میری پچھلی زندگی سے نہیں بلکہ آئندہ زندگی سے یاد رکھا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ سحر افشاں سے پہلے بالیوڈ اداکاراؤں ثناخان اور زائرہ وسیم نے بھی اسلام کا حوالہ دیتے ہوئے فلمی دنیا کو چھوڑ دیا تھا۔

 

ٹیگس