Oct ۱۱, ۲۰۲۲ ۰۰:۱۳ Asia/Tehran
  • راجیندر پال گوتم
    راجیندر پال گوتم

ہندوستان میں دہلی کی ریاستی حکومت کے ایک وزیر نے تبدیلی مذہب کے پروگرام میں مبینہ شمولیت کے بعد استعفیٰ دے دیا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق دہلی کی ریاستی عام آدمی پارٹی (‏عآپ)  حکومت کے سماجی بہبود کے وزیر راجیندر پال گوتم نے اپنے عہدے سے اتوار کو استعفیٰ دے دیا۔

دہلی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق 5 اکتوبر کو دہلی کے جھنڈے والان علاقے میں ایک تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں مبینہ طور پر دس ہزار ہندوؤں نے اپنا مذہب تبدیل کرکے بدھ مت اختیار کرلیا تھا۔ تقریب میں دہلی کے ریاستی وزیر راجیندر پال گوتم نے بھی شرکت کی تھی۔ مذکورہ تقریب سالانہ تقریب تھی اور اس کا اہتمام “بدھسٹ سوسائٹی آف انڈیا” اور “مشن جے بھیم” نے کیا تھا۔ راجیندر گوتم مشن جے بھیم کے بانی ہیں۔

بعد ازاں، اس تقریب  کا ایک ویڈیو سامنے آیا اور وزیر موصوف پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا نیز بی جے پی وزیر کے استعفے کا مطالبہ کررہی تھی۔“ہندوستان ٹائمز” کی ویب رپورٹ کے مطابق دہلی کے وزیر راجیندر گوتم  نے یہ کہتے ہوئے کہ، بی جے پی، انہیں بدنام کرنے اور ان کی پارٹی کو نشانہ بنانے کے لئے اس پر گندی سیاست کر رہی ہے، اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ راجیندر گوتم نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے نام اپنا دو صفحات کا استعفیٰ ٹوئیٹ کیا جس میں لکھا کہ، “میں نہیں چاہتا کہ میرے لیڈر اروند کیجریوال کو میری وجہ سے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔ پارٹی کا سچا سپاہی ہونے کے ناطے، میں زندگی بھر گوتم بدھ اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نقش قدم پر چلوں گا۔ میں نے ذاتی طور پر اس تقریب میں شرکت کی تھی اور عآپ یا دہلی کابینہ کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔”

دریں اثنا، پیر کی رات کو ملنے والی تازہ رپورٹ کے مطابق راجیندر پال گوتم کو تبدیلی مذہب کی تقریب کے سلسلے میں منگل کو دہلی پولیس کے سامنے پیش ہونے کے لئے کہا گیا ہے۔ ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی، پی ٹی آئی، کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اروند کیجریوال حکومت کے مستعفی وزیر سے اس تقریب میں شرکت کے بارے میں باز پرس کی جائے گی۔

 

 

 

 

 

ٹیگس