Nov ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۸:۲۶ Asia/Tehran
  • سانحہ موربی پل؛ گجرات کے وزیر اعلی استعفی دیں: کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلا اروند کیجریوال نے موربی پل سانحے پر گجرات کے وزیر اعلی کے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلا اروند کیجریوال نے منگل کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں ریاست گجرات میں موربی پل کے حادثے کو بدعنوانی کا نتیجہ قرار دیا ۔

انھوں نے کہا کہ اس حادثے کے بعد گجرات کے وزیر اعلا بھوپیندر پٹیل کو فوری طور پر عہدے سے ہٹ جانا چاہئے ۔

دہلی کے وزیراعلی نے الزام لگایا کہ موربی پل کی تعمیر کا کام گھڑی بنانے والی کمپنی کو دیا گیا تھا جس کا صاف مطلب یہ ہے کمپنی کے بھارتیہ جنتا پارٹی سے روابط تھے اسی لئے اس کو یہ ٹھیکہ دیا گیا ۔

انھوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے کیونکہ بقول ان کے ایف آئی آر میں نہ کمپنی کو نامزد کیا گیا ہے اور نہ ہی کمپنی کے مالک کو ۔

انھوں نے کہا کہ ایک الزام یہ بھی ہے کہ جس کمپنی کو پل کی مرمت کا کام دیا گیا تھا اس نے بی جے پی کو بھاری چندہ دیا تھا۔

یاد رہے کہ اتوار کی شام ریاست گجرات کے تاریخی موربی جھولا پل کے گرجانے کے حادثے میں اب تک تقریبا ڈیڑھ سو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جاچکی ہے۔یہ پل مرمت کے بعد حال میں سیاحوں کے لئے کھولا گیا تھا ۔

ٹیگس