ہندوستان: گجرات میں المناک حادثہ، 90 سے زیادہ افراد ہلاک
ہندوستان کی ریاست گجرات میں ایک پُل ٹوٹنے سے 90 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سحر نیوز/ ہندوستان: احمد آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی ریاست گجرات کے ضلع موربی میں اتوار کی شام کو ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں 90 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست گجرات کے ضلع موربی میں مچھو ندی پر بنا کیبل برج اچانک ٹوٹ گیا اور سو افراد ندی میں جا گرے۔ حادثے کے وقت پُل پر 500 افراد موجود تھے جو گنجائش سے بہت زیادہ تھے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس حادثے میں 91 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں زیادہ تر عورتیں اور بچے بتائے جاتے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ پُل 100 سال پرانا تھا اور دو دن پہلے ہی اسے کھولا گیا تھا۔ مرمت ہونے کی وجہ سے سات مہینے تک یہ کیبل برج بند تھا۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے اس المناک حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو 2-2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
ادھر گجرات کے وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے مرنے والوں کے پسماندگان کو 4-4 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل اور ریاستی وزیر داخلہ ہرش سنگھوی اتوار کو دیر شام جائے وقوعہ پہنچے تھے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔