ہندوستان کے پہلے پرائیویٹ خلائی راکٹ کی لانچنگ ملتوی، اب 18 نومبر کو ہوگا لانچ
ہندوستان کے پہلے پرائیویٹ خلائی راکٹ کو آج خلا میں چھوڑا جانا تھا جو اب 18 نومبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں قائم اسکائی روٹ ایرو اسپیس پرائیویٹ کمپنی نے ہندوستان کے پہلے پرائیویٹ خلائی راکٹ وکرم ایس کو آج 15 نومبر کو خلاء میں چھوڑنا تھا جو اب 18 نومبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ راکٹ خراب موسم کی وجہ سے خلا میں نہیں چھوڑا جا سکا۔
ہندوستان کے پہلے پرائیویٹ خلائی راکٹ وکرم ایس کو حیدرآباد میں قائم ایک کمپنی اسکائی روٹ ایرواسپیس نے تیار کیا ہے، یہ راکٹ ایک ذیلی مدار کے مشن پر پے لوڈ کے ساتھ روانہ کیا جائے گا۔ اسکائی روٹ پہلا اسٹارٹ اپ تھا جس نے اپنے راکٹ لانچ کرنے کے لیے اسرو کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے۔
یہ کسی ہندوستانی پرائیویٹ کمپنی کا پہلا خلائی مشن ہوگا جو خلا میں چھوڑا جائے گا۔
اسکائی روٹ کمپنی نے اپنے بیانیے میں کہا کہ اسکائی روٹ کا مقصد خلائی پروازوں کو سستا، قابل اعتماد اور سب کے لئے عام کرنا ہے۔
اس خلائی مشن کے پے لوڈ میں ہندوستانی، امریکی، سنگاپور اور انڈونیشا کے طلباء کا تیارکردہ فن سیٹ 2.5 کلوگرام کا سیٹلائٹ بھی خلاء میں چھوڑا جائےگا۔
سکائی روٹ کمپنی کے اس پہلے خلائی مشن کے لانچ سے ہندوستان میں پرائیویٹ سیکٹر کی اس میدان میں سرمایہ کاری اور ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔