ہندوستان: مسجد جیسا بس اسٹاپ، بلڈوزر چلوا دوں گا! بی جے پی لیڈر کی دھمکی
ہندوستان کی ریاست کرناٹک میں بی جے پی رکن پارلیمان نے ایک بس اسٹاپ کو مسجد جیسا قرار دے کر اس پر بلڈوزر چلوانے کی دھمکی دی ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: اطلاعات کے مطابق ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمان پرتاپ سمہا نے میسور میں ایک تقریب میں کہا کہ "اوٹی روڈ پر واقع بس اسٹاپ کی بناوٹ مسجد جیسی ہے، اگر انتظامیہ نے اسے منہدم نہیں کیا تو وہ خود اس بس اسٹاپ پر بلڈوزر چلوا دیں گے۔" ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر میں نے دیکھا ہے کہ اس بس اسٹاپ پر تین گنبد بنے ہیں اور ایسا صرف مسجد میں ہوتا ہے۔
متنازعہ بیان دینے کے لئے مشہور بی جے پی رکن پارلیمان پرتاپ سمہا نے کہا کہ میں نے انجینیئر سے کہا ہے کہ اس بس اسٹاپ کو تین چار دن میں منہدم کردیا جائے لیکن اگر اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو وہ خود اس پر بلڈوزر چلوا دیں گے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پرتاپ سمہا اس سے پہلے بھی کئی بار متنازعہ بیان دے چکے ہیں۔ ہندوستان میں جب حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج ہو رہا تھا تو اس وقت بھی انہوں نے کہا تھا کہ جو لوگ حجاب چاہتے ہیں وہ اسکول نہ جائیں بلکہ ان کو مدرسہ جانا چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کچھ لوگ صرف حجاب دکھانے کے لئے کالج آنا چاہتے ہیں۔
بی جے پی کے شدت پسند رکن پارلیمان پرتاپ سمہا نے ٹیپو سلطان کے یوم پیدائش کی تقریب منعقد کرنے کے سبب ریاست کی سابق کانگریسی حکومت پر بھی حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیپو سلطان صرف انتہا پسندوں کا رول ماڈل ہو سکتا ہے۔