Dec ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۹:۲۰ Asia/Tehran
  • دہلی بلدیاتی انتخابات کے ایگزٹ پول نتائج: عآپ کی جھاڑو حرکت میں

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں 4 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے ایگزٹ پول کے مطابق عام آدمی پارٹی (عآپ) کو اکثریت مل جائے گی۔

سحر نیوز/ ہندوستان: اطلاعات کے مطابق گزشتہ 4 دسمبر کو انجام پانے والے میونسپل کارپوریشن، دہلی (ایم سی ڈی) کے انتخابات کے ایگزٹ پول نتائج آنے شروع ہوگئے ہیں جن میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کو واضح اکثریت ملتی دکھائی دے رہی ہے اور پندرہ سال سے ایم سی ڈی پر راج کرنے والی بی جے پی کو زبردست شکست کا منہ دکھنا پڑے گا۔   

مختلف ایگزٹ پول نتائج کے مطابق ووٹ شیئر کی ابتدائی تصویر اس طرح ہے کہ  عام آدمی پارٹی (عآپ) کو دیگر جماعتوں بشمول بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس پر برتری حاصل ہے۔ نتائج کے مطابق ایم سی ڈی انتخابات میں، بی جے پی کو 35 فیصد ووٹ ملنے کی امید ہے جب کہ عام آدمی پارٹی کو 43 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کانگریس کو 10 فیصد ووٹ ملنے کا امکان بتایا جا رہا ہے۔

مختلف چینلوں نے آج اپنے اپنے ایگزٹ پول نشر کئے ہیں اور سبھی میں عام آدمی پارٹی کی جھاڑو چلتی دکھائی دے رہی ہے۔ مختلف چینلوں کے ایگزٹ پول نتائج کے مطابق ‏عآپ کو 140 سے 171 تک سیٹیں مل سکتی ہیں اور بی جے پی کو 69 سے 94 تک سیٹیں ملنے کی امید ہے۔ سب سے زیادہ نقصان کانگریس کو ہوتا نظر آ رہا ہے کیونکہ نتائج میں اس پارٹی کو کم سے کم 3 اور زیادہ سے زیادہ 10 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دہلی میونسپل کارپوریشن کی کل 250 سیٹیں ہیں اور اکثریت کے لئے 126 سیٹوں پر کامیابی ضروری ہے۔ دہلی میں 4 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے اور تقریبا 51 فی صد رائے دہندگان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔ 7 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔

سنہ 2017 میں دہلی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کو 181 سیٹیں ملی تھیں اور ‏عآپ نے 49 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ کانگریس نے 31 نشستیں حاصل کی تھیں۔

 

 

ٹیگس