Dec ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۰:۲۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان؛ جی-20 کی تیاریوں کے پیش نظر کل جماعتی اجلاس

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے گروپ G-20 کی صدارت سنبھالنے کے بعد اس سے متعلق پروگراموں پر اتفاق رائے قائم کرنے کے مقصد سے کُل جماعتی اجلاس طلب کیا۔

سحر نیوز/ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ اجلاس ایوان صدر راشٹرپتی بھون میں منعقد ہوا جس میں تقریباً چالیس سیاسی پارٹیوں کے سربراہوں اور لیڈروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر کابینہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر، وزیر پارلیمانی امور پرہلاد جوشی، وزیر خزانہ نرملا سیتارامن، وزیر تجارت وصنعت پیوش گوئل بھی موجود تھے۔

یہ اجلاس مرکزی حکومت کی طرف سے ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے G-20 سربراہی اجلاس اور ملک بھر میں منعقد ہونے والی سو سے زیادہ تقریبات کے لیے تبادلۂ خیال، تجاویز حاصل کرنے اور حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لیے بلایا گیا تھا۔

ہندوستان نے یکم دسمبر کو باضابطہ طور پر G-20 کی صدارت سنبھال لی ہے جس کے پیچ نظر اس سال دسمبر سے ملک کے مختلف مقامات پر سو سے زیادہ G-20 ممالک کے مختلف اجلاس منعقد کیے جانے ہیں۔

G-20 ممالک کا سربراہی اجلاس آئندہ سال نو اور دس ستمبر کو نئی دہلی میں ہوگا۔

ٹیگس