Dec ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۲:۲۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان کا چین پاکستان سرحد پر ’’پرالے بلیسٹک میزائل‘‘ نصب کرنے کا فیصلہ

چین اور ہندوستان کے درمیان ہونے والی حالیہ سرحدی جھڑپوں کے بعد کشیدہ ہوتے حالات میں ہندوستان نے چینی اور پاکستانی سرحدوں پر ’’پرالے بلیسٹک میزائل‘‘ نصب کرنے کی منظوری دے دی ہے، پرالے کا معنی قیامت یا بہت شدید تباہی بتایا جارہا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہند چین حالیہ سرحدی تنازعے کے بعد ہندوستان نے پرالے بلیسٹک میزائل چینی پاکستانی سرحدوں پر نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقامی طور پر تیار کردہ زمین سے زمین تک مار کرنے والا یہ میزائل 100سے 120 کی تعداد میں ہندوستانی فوج کے حوالے کیا جائے گا۔

ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اعلی سطحی وزارت دفاع کے اجلاس میں پرالے میزائل فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پہلے مرحلے میں یہ میزائل ہندوستانی فضائیہ کے حوالے کئے جائیں گے۔ گزشتہ سال اس میزائل کا تجربہ کیا گیا تھا۔

ہندوستانی وزارت دفاع کی جانب سے بلیسٹک میزائل کو ٹیکٹکل امور میں استعمال کرنے کی دی جانے والی منظوری کا پہلا واقعہ ہے۔ یہ میزائل 150سے 500 کلومیٹر تک مار کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ہندوستان، پاکستان اور چین تینوں ایٹمی صلاحیت کے حامل ممالک ہیں اور تینوں ممالک کے پاس ایک دوسرے پر حملہ، جوابی کاروائی کے لئے فضائی، بحری اور میزائل صلاحیت موجود ہے، گزشتہ کئی دہائیوں سے ان ممالک کے تعلقات میں کشیدگی چلی آرہی ہے اور کسی ایک فریق کی جانب سے چھوٹی سی غلط فہمی خطے کے اربوں انسانوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

کہا جاتا ہے  کہ پاکستان کے پاس 165، ہندوستان کے پاس 160 اور چین کے پاس 350 ایٹم بم موجود ہیں جو نہ صرف ان ممالک بلکہ آس پاس کے ممالک کو بھی ناقابل برداشت تباہی سے دوچار کر سکتے ہیں۔

ٹیگس