Jan ۲۴, ۲۰۲۳ ۰۸:۱۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان؛ یوم جمہوریہ کے موقع پر شراب پر پابندی

دہلی کی حکومت نے اپنے ایک حکم میں کہا ہے کہ 26 جنوری کو بار اور ریستوران میں بھی شراب پینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

 

سحر نیوز/ہندوستان: ریاست دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت نے پہلی مرتبہ 26 جنوری کو بار اور ریستوراں میں شراب فروخت کرنے پر پابندی لگائی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مہا شیوراتری، رام نوری اور ہولی پر بھی دکانوں پر شراب فروخت کرنے پر پابندی رہے گی۔ سوامی دیانند جینتی اور گرو روی داس جینتی پر بھی ڈرائی ڈے قرار دیا گیا ہے۔

دہلی حکومت کے محکمۂ آبکاری کی جانب سے یکم جنوری سے لے کر 31 مارچ 2023 تک کے ڈرائی ڈے کی فہرست جاری کی گئی ہے۔ اس میں وزیر اعلیٰ کجریوال حکومت نے 26 جنوری کو یوم جمہوریہ، پانچ فروری کو گرو روی داس جینتی، 15 فروری کو سوامی دیانند سرسوتی جینتی، 18 فروری کو مہاشیوراتری، آٹھ مارچ کو ہولی اور 30 مارچ کو رام نوی پر ڈرائی ڈے قرار دیا گیا ہے۔اس دوران شراب کے ٹھیکے بند رہیں گے۔

حکومت ہر تین مہینے بعد ڈرائی ڈے کی فہرست جاری کرتی ہے۔ فی الحال اب تقریبا 21 ڈرائی ڈے پورے سال میں شمار کیے جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ ہندوستان جمعرات 26 جنوری کو اپنا 74 واں یوم جمہوریہ  منانے جا رہا ہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کرتویہ پتھ پر قومی پرچم لہرائیں گی، جسے پہلے راج پتھ کے  نام سے جانا جاتا تھا۔

ہندوستانی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ ملک شراب نوشی کے حوالے سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ سنہ دوہزار اٹھارہ میں عالمی ادارۂ صحت ڈبلیو ایچ او نے اپنی رپورٹ میں یہ اعلان کیا تھا کہ ہندوستان میں سالانہ ڈھائی لاکھ سے زیادہ لوگ شراب نوشی کی وجہ سے اپنی جان گنوا دیتے ہیں۔

میڈیکل جورنل لینسٹ کے ذریعے انجام پانے والے ایک سروے کا یہ کہنا ہے کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ہندوستان میں شراب نوشی کا رجحان تیزی سے بڑھا ہے اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

ہندوستان میں انٹرنیشنل اسپیرٹس اینڈ وائن ایسوسی ایشن (آئی آئی وائی اے) کے اندازے کے مطابق ملک میں سالانہ پانچ ارب لیٹر شراب پی جاتی ہے۔

ٹیگس