ترکیہ شام زلزلہ؛ ہندوستان کا ایک اور طیارہ امدادی سامان لے کر علاقے میں پہنچا
ہندوستانی فضائیہ کا ساتواں طیارہ شام اور ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کے لئے طبی اور آفات سے نمٹنے کے لیے امدادی سامان لے کر پہنچا ہے۔
سحر نیوز ہندوستان: ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق یہ اطلاع ہندوستان کی وزارت خارجہ نے دی۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان نے 23 ٹن امدادی سامان دمشق اور 12 ٹن ترکیہ پہنچایا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ٹویٹ کیا کہ طیارے نے سب سے پہلے زلزلہ سے متاثرہ دمشق میں امدادی سامان پہنچایا۔ ساتواں "آپریشن دوست" طیارہ تیئس ٹن سے زیادہ امدادی سامان لے کر شام پہنچا، جس میں جین سیٹ، سولر لیمپ، ہنگامی اور اہم نگہداشت کی ادویات، اور قدرتی آفات سے متعلق امدادی سامان شامل ہیں۔ "دمشق کے ہوائی اڈے پر مقامی انتظامیہ اور ماحولیات کے نائب وزیر معتاز دوزی نے سامان اپنی تحویل میں لیا۔" اس کے بعد ہندوستانی طیارے نے وہاں سے امدادی سامان لے کر ترکیہ کے لئے پرواز بھری اور ادانا ایئرپورٹ پہنچ گیا۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس میں مریضوں کے مانیٹر، ای سی جی، سیرینج پمپ اور آفات سے متعلق امدادی سامان کے ساتھ ساتھ زمین پر سرگرم عمل ہندوستان کی امدادی ٹیموں کے لیے سامان بھی شامل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے اپننی نیشنل ڈیزیسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے 150 اہلکاروں کو ترکیہ میں بچاؤ اور امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کیا ہے، اور انہیں ڈاگ اسکواڈ، خصوصی آلات، گاڑیاں اور سامان، منہدم ڈھانچے کے نیچے پھنسے ہوئے لوگوں کو ڈھونڈنے، تلاش کرنے، ان تک رسائی اور نکالنے کے لیے فراہم کیا گیا ہے۔
ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے میں اب تک کم از کم تینتیس ہزار افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔