Feb ۲۸, ۲۰۲۳ ۰۷:۳۸ Asia/Tehran
  • ہندوستانی ساخت کے طیارے اب دور نہیں: وزیر اعظم مودی

ہندوستان کے وزیر اعظم نے مستقبل قریب میں ملکی ساخت کے ہوائی جہازوں کی تیاری کا عندیہ دیا ہے۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست کرناٹک میں ایک نئے ہوائی اڈے کا افتتاح کرنے کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ آج ہندوستان کی ہوابازی کا بازار پوری دنیا میں عروج پر ہے اور وہ دن دور نہیں جب ہندووستان کے لوگ قومی سطح پر تیار ہونے والے طیاروں میں ہی سفر کر رہے ہوں گے۔

انہوں نے اپوزیشن جماعت کانگریس کی قیادت والی پچھلی حکومتوں پر ملک کے ہوابازی کے شعبے کو چند شہروں تک محدود رکھنے کا الزام لگایا اور دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے اب صورتحال بدل دی ہے۔ مودی کا خیال تھا کہ گزشتہ نو برسوں میں ہوائی اڈوں کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے اور عام آدمی بھی سستی پروازوں کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔

بوئنگ اور ایئربس سے سیکڑوں نئے طیارے خریدنے کے ایئر انڈیا کے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستانی وزیر اعظم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ہندوستان کی ہوا بازی مارکٹ کا ڈنکا پوری دنیا میں بج رہا ہے۔

یاد رہے کہ ایئر انڈیا نے رواں ماہ کے دوران امریکہ کی بوئنگ کمپنی اور یورپی طیارہ ساز کمپنی ایئربس سے ستر ارب ڈالر کے چار سو ستر طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا ہے جنہیں فعال بنانے کے لئے ایئر انڈیا کو عملے کے پانچ ہزار سے زائد ارکان کی ضرورت ہوگی اور اس طرح طیارے بنانے والی کمپنی کو حاصل ہونے والے بڑے منافعے کے ساتھ ساتھ ہندوستانی عوام کے لئے بھی روزگار کے ہزاروں مواقع فراہم ہوں گے۔

ٹیگس