Mar ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۸:۱۰ Asia/Tehran
  • کانگریس پارٹی نے قانونی جنگ لڑنے کا اعلان کردیا

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے راہل گاندھی kl پارلیمنٹ کی رکنیت منسوخ کئے جانے کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے راہل گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکینیت کی منسوخی کو جمہوریت کا قتل قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی کو سچ بولنے کی سزا دی گئی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کئے جانے کے خلاف ہم قانونی جنگ لڑیں گے ۔
کانگریس پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ راہل گاندھی نے سچ بولا اور ملک کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی مسائل پر بے خوف ہوکر بات کی جس کو بقول ان کے حکومت برداشت نہیں کرسکی ۔ ان کا کہنا تھا کہ مسٹر راہل گاندھی نے ہمیشہ پارلیمنٹ کے اندر بھی اور پارلیمنٹ کے باہر بھی ہندوستان کے عوام کی بات کی ہے، اور عوام کے مفاد کی بات کی ہے ۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ گاندھی کی اسی کی سزا دی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جان بوجھ کر ، بار بار، سوچے سمجھے طریقے سے ہر جمہوری ادارے کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔
کانگریس پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ موجودہ حکومت بولنے کی آزادی اور بولنے کے بعد کی آزادی ، دونوں کو ختم کررہی ہے۔
انھوں نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ کانگریس پارٹی اور راہل گاندھی کی آواز دبائی نہیں جاسکتی۔

ٹیگس