راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی سے پھر پرانا سوال پوچھ لیا
ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے ایک بار پھر اڈانی گروپ کے معاملے میں مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت کو نشانہ بنایا اور اپنا سوال دہرایا کہ وہ ارب پتی تاجر گوتم اڈانی کا اتنی سختی سے دفاع کیوں کر رہی ہے۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کی سرکاری خبر رسان ایجنسی یو این آئے کے مطابق کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں اڈانی گروپ کا مسئلہ اٹھایا اور ایک بار پھر یہ سوال دہرایا کہ حکمراں جماعت بی جے پی اڈانی کا اتنی سختی سے دفاع کیوں کرتی ہے۔
انہوں نے زور دے کر یہ بات کہی کہ وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ کسی سے نہیں ڈرتے اور وزیر اعظم نریندر مودی سے اڈانی سے تعلق کے بارے میں پوچھتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اڈانی کے ساتھ وزیر اعظم مودی کے تعلقات اس وقت شروع ہوئے جب وہ گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے۔
واضح رہے کہ ہنڈنبرگ ریسرچ رپورٹ کے مطابق اڈانی گروپ کئی دہائیوں سے اسٹاک میں ہیرا پھیری اور اکاؤنٹنگ فراڈ میں ملوث رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں اڈانی گروپ پر ہنڈنبرگ ریسرچ رپورٹ کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) سے تحقیقات کا مطالبہ کر رہی ہیں۔