Apr ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: لکھنؤ کا قدیم شاہی باورچی خانہ، روزہ داروں کے لئے مفت کھانہ

اترپردیش کے صدر مقام لکھنؤ میں 186 سالہ قدیم شاہی باورچی خانہ آج بھی قائم و دائم ہے جہاں روزہ داروں کو مفت کھانا ملتا ہے اور حسب خواہش مقدار میں کھانا وہ اپنے گھر لے جا سکتے ہیں۔ یہ باورچی خانہ اودھ کے نواب محمد علی شاہ نے بنوایا تھا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: لکھنؤ میں 186 سال سے جاری شاہی باورچی خانہ آج بھی بدستور خدمات پیش کر رہا ہے جہاں معاشی طور کمزور مسلمان روزہ داروں کو مفت کھانہ ملتا ہے۔ اس باورچی خانے کی خاص بات یہ ہے کہ روزہ دار چاہے جتنی مقدار میں یہاں سے کھانہ پیک کروا کر اپنے گھر لے جا سکتے ہیں، کسی بھی روزہ دار کو منع نہیں کیا جاتا۔

ذرا‏ئع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق اس باورچی خانے سے صبح 11 بجے سے کھانہ ملنا شروع ہوجاتا ہے جو شام کو افطار کے وقت تک جاری رہتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہاں غیرگوشتی یا ویج کھانہ دستیاب ہوتا ہے، اسی لئے تمام مذاہب کے لوگ اس باورچی خانے میں آتے ہیں اور مفت کھانہ کھاتے ہیں۔ رمضان کے مہینے میں یہاں 24 گھنٹے کھانہ پکایا جاتا ہے۔ یہاں چنے کی دال اور آلو کی سبزی بھی بڑی مقدار میں تیار ہوتی ہے۔

اس باورچی خانے سے وابستہ ایک شخص مرتضیٰ حسین عرف راجو نے بتایا کہ یہ نوابوں کے زمانے کا باورچی خانہ ہے۔ اسے شاہی باورچی خانہ کہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں سے حسین آباد ٹرسٹ کے تحت آنے والی مساجد میں افطار کے لئے کھانا بھی بھیجا جاتا ہے۔

مؤرخین کے مطابق اودھ کے نواب محمد علی شاہ نے سنہ 1837 میں چھوٹے امام باڑہ کی تعمیر کے بعد یہ شاہی باورچی خانہ بنوایا تھا۔ باورچی خانہ نواب محمد علی شاہ نے خود شروع کیا تھا۔

 

ٹیگس