Apr ۱۰, ۲۰۲۳ ۲۱:۰۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: عام آدمی پارٹی کو قومی پارٹی کا درجہ حاصل ہوگیا

ہندوستان کے انتخابی کمیشن نے عام آدمی پارٹی کو قومی پارٹی کا درجہ دے دیا ہے اور ٹی ایم سی، این سی پی اور سی پی آئی کا قومی پارٹی کا درجہ ختم کردیا گیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق انتخابی کمیشن نے آج پیر کو اروند کیجریوال کی قیادت والی عام آدمی پارٹی (عآپ) کو قومی پارٹی کا درجہ دے دیا۔ اس کے ساتھ ہی کمیشن نے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی)، نیشنلسٹ پارٹی (این سی پی) اور ہندونستانی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی) کا قومی پارٹی کا درجہ ختم کردیا گیا ہے۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق آج جاری کردہ اپنے حکم نامے میں انتخابی کمیشن نے کہا کہ عآپ کو چار ریاستوں دہلی، گوا، پنجاب اور گجرات میں اس کی انتخابی کارکردگی کی بنیاد پر قومی پارٹی کا درجہ دیا گیا ہے۔ عآپ دہلی اور پنجاب میں برسراقتدار پارٹی ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ بی جے پی، کانگریس، ہندوستانی مارکسی کمیونسٹ پارٹی، بہوجن سماج پارٹی، نیشنل پیپلز پارٹی اور عام آدمی پارٹی اب قومی پارٹیاں ہیں۔

ادھر عآپ کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنی پارٹی کو کم مدت میں قومی پارٹی کا درجہ دیئے جانے کو معجزے سے تعبیر کیا ہے۔ اروند کیجریوال نے ٹوئیٹ میں تعجب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "اتنے کم وقت میں قومی پارٹی؟ یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہے، سب کو بہت بہت مبارک۔"

اتر پردیش میں آر ایل ڈی، آندھرا پردیش میں بی آر ایس، منی پور میں پی ڈی اے، پڈوچیری میں پی ایم کے، مغربی بنگال میں آر ایس پی اور میزورم میں ایم پی سی کو حاصل ریاستی درجہ بھی ختم کردیا گیا ہے۔  

الیکشن کمیشن نے کہا کہ این سی پی اور ترنمول کانگریس کو حال ہی میں ختم ہوئے اسمبلی انتخابات میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر بالترتیب ناگالینڈ اور میگھالیہ میں ریاستی سطح کی جماعتوں کے طور پر تسلیم کیا جائے گا۔

 

 

ٹیگس