Apr ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں بھی آج بروز ہفتہ عید منائی گئی

اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں بھی سنیچر کو عیدالفطر منائی گئی ۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے مختلف شہروں سے ہمارے نمائندوں کی رپورٹوں کے مطابق ملک کے گوشہ و کنار میں عیدالفطر روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔ اس رپورٹ کے مطابق دارالحکومت دہلی ، ممبئی، کولکتہ، پٹنہ ، لکھنؤ ، حیدرآباد، بنگلور سمیت ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں مسلمانان ہند نے ایک ماہ کی روزے داری کے بعد سنیچر کو نماز عیدالفطر کے عظیم الشان اجتماعات میں شرکت کی اور خدا کے حضور سربسجود ہوکر اس کی نعمتوں، عنایتوں اور رمضان المبارک کی عبادتوں کی توفیق پر شکرانہ ادا کیا ۔

اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے گوشہ وکنار میں نماز عیدالفطر کے اجتماعات کے بعد عید ملن پارٹیوں اور مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں اتحاد مسلمین کے جلوے بھی دیکھنے کو ملے ۔ ہمارے نمائندوں کی رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے مختلف شہروں میں عید ملن پارٹیوں میں بڑی تعداد میں غیر مسلموں نے بھی شرکت کی اور اپنے مسلمانوں بھائیوں کو عید کی مبارکباد پیش کی ۔

عیدالفطر کی مناسبت سے ہندوستان کے صدر، وزیراعظم ، اسپیکر اور حزب اختلاف کے رہنماؤں نے ہندوستانی عوام کے نام مبارکباد کے پیغامات جاری کئے جن میں ہم وطنوں کے لئے نیک خواہشات اور قومی یک جہتی نیز بھائی چارے کے استحکام کی آرزو کی گئی ۔

ٹیگس