ہندوستان: منی پور میں حالات کشیدہ، کچھ علاقوں میں کرفیو میں نرمی
آج منی پور کے کچھ علاقوں میں کرفیو میں نرمی کی جا رہی ہے تاکہ لوگ کچھ گھنٹے کے لیے غذائی اشیاء خرید سکیں۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق قبائلیوں اور اکثریتی میتی کمیونٹی کے ارکان کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے بعد 3 مئی کو کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔ تشدد سے متاثرہ منی پور کے چورا چاندپور ضلع کے ساتھ دیگر علاقوں میں آج کرفیو میں ڈھیل دی گئی ہے تاکہ لوگ ضروری سامان خرید سکیں۔ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق آج اتوار صبح تین گھنٹے کی ڈھیل دی گئی ہے، تاکہ لوگ دوائیں اور ضروری چیزیں خرید سکیں۔
انتظامیہ نے سی آر پی سی کی دفعہ 144 کے تحت کرفیو نافذ کیا ہے، اس میں صبح 7 بجے سے صبح 10 بجے تک نرمی ہوگی۔ ہفتہ کو بھی دوپہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک دو گھنٹے کی نرمی دی گئی تھی۔
میتی کمیونٹی کو شیڈول ٹرائب (ایس ٹی) کے زمرے میں شامل کرنے کے مطالبے کے خلاف طلبا کی تنظیم آل ٹرائبل اسٹوڈنٹس یونین آف منی پور (اے ٹی ایس یو ایم) نے احتجاج کے لیے یہ مارچ بلایا تھا۔ 'آدیواسی ایکتا مارچ' نامی احتجاج کے دوران تشدد پھوٹ پڑا۔ قبائلیوں اور اکثریتی میتی کمیونٹی کے ارکان کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے بعد 3 مئی کو کرفیو نافذ کیا گیا تھا، جس میں اب تک ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور کم از کم 54 ہلاک اور 100 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔