May ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان، ریاست مغربی بنگال میں دھماکہ، 9 افراد ہلاک، متعدد زخمی

ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کے علاقے مشرقی مدنی پور کے ایک گاؤں میں دھماکے میں متعدد افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے کی خبر ہے ۔

سحر نیوز/ ہندوستان: پولیس کے مطابق دھماکہ منگل کو تقریبا گیارہ بجے دن میں ایک فیکٹری میں ہوا ۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے پوری عمارت اڑگئی جس میں فیکٹری تھی ۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد فیکٹری کا مالک پڑوسی ریاست اوڈیشہ فرار ہوگیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری پوری طرح تباہ ہوچکی ہے۔ دھماکے میں نو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے لیکن رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

میڈیا ذرائع نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکے کے بعد فیکٹری سے ملحقہ تالاب میں لاشیں اور انسانی اعضا تیرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں ۔ طبی ذرائع نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں سے متعدد کی حالت نازک بتائی ہے ۔ سی آئی ڈی ، فارنزک ڈیپارٹمنٹ اور بم اسکواڈ کی ٹیموں نے الگ الگ تحقیقات شروع کردی ہیں لیکن آخری اطلاع ملنے تک دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تھی ۔

ٹیگس