May ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۶:۴۹ Asia/Tehran
  • بی جے پی، سی بی آئی اور ای ڈی کو استعمال کر رہی ہے: عام آدمی پارٹی کا الزام

دہلی کی حکمراں عام آدمی پارٹی نے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں سی بی آئی اور ای ڈی پر وزیراعلی کے خلاف سازش کا الزام لگایا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: عام آدمی پارٹی کے ایم پی راجیہ سبھا سنجے سنگھ نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں مرکزی تفتیشی اداروں سی بی آئی اور ای ڈی کو وزیراعظم نریندر مودی کی کٹھ پتلی قرار دیا ۔ انھوں نے کہا کہ یہ دونوں ادارے، بقول ان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے اشارے پر، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور عام آدمی پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو بدنام کرنے کی سازش کررہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ یہ دونوں ادارے ، بقول ان کے عام آدمی پارٹی سے وابستہ لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانے، انہیں جیلوں میں ڈالنے اور بندوق کی نوک پر ان سے بیانات لینے کا کام کررہے ہیں ۔

عام آدمی پارٹی کے رکن راجیہ سبھا سنجے سنگھ نے کہا کہ بقول ان کے سی بی آئی اور ای ڈی میں لوگوں کے گھر والوں کو بلاکر دھمکایا جاتا ہے ۔ انھوں نے الزام لگایا کہ سی بی آئی اور ای ڈی کے افسران جیل میں بند لوگوں کے گھر والوں کو طلب کرکے کمرے میں بند کردیتے ہیں اور پھر جیل جاکر مطلوبہ افراد کو یہ بتاکر کہ تمھارے گھر والے ہمارے قبضے میں ہیں، الزامات قبول کرنے کے لئے ان پر دباؤ ڈالتے ہیں ۔

قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن کی دیگر جماعتیں بھی مرکزی حکومت پر سی بی آئی اور ای ڈی سے اپوزیشن لیڈروں کے خلاف کام لینے کا الزام لگاچکی ہیں ۔

ٹیگس