ہندوستان میں ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد ڈھائی سو سے تجاوز، 3 روزہ سوگ کا اعلان
ہندوستان کی ریاست اوڑیسہ میں جمعے کی شام ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد ڈھائی سو سے تجاوز کرگئی ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی ریاست اوڑیسہ کے بالاسور علاقے سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے اور نو سو سے زائد زخمی مسافروں کی جان بچالی گئی۔
آخری اطلاع ملنے تک دو سو اکسٹھ لاشیں نکالی جاچکی تھیں اور بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد دو سو اٹھاسی ہوچکی ہے۔
بتایا گیا تھا کہ ایک جنرل بوگی کا آدھاحصہ پوری طرح تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں بہت سے لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے ۔ امدادی کارکنوں نے مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
اوڑیسہ کی حکومت نے ریاست میں تین دن کے عام سوگ کا اعلان کردیا ہے۔
حکومت نے اس حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کے لئے دس، دس لاکھ ، شدید طور پر زخمیوں کے لئے دو، دو لاکھ اور معمولی زخمیوں کے لئے پچاس پچاس ہزار روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ جمعے کی شام شالیمار چنئی کورو منڈیل ایکسپریس کی کچھ بوگیاں پٹری سے اتر کر دوسرے ٹریک پر گر گئیں جن سے مقابل سمت سے آنے والی یشونت پور ہاوڑہ ایکسپریس کے ٹکراجانے سے اس کی کچھ بوگیاں بھی پٹری سے اتر گئیں بعد میں ایک مال گاڑی بھی ان بوگیوں سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہوگئی۔
ہندوستان کے محکمہ ریلوے نے اس کو اس صدی کا سب سے بڑا ریلوے حادثہ قرار دیا ہے ۔ اس حادثے کے بعد اٹھاون سے زائد ریل گاڑیوں کو منسوخ ، دس کو جزوی طور پر منسوخ اور اکتالیس ریل گاڑیوں کا روٹ تبدیل کردیا گیا۔