Jun ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۱:۱۰ Asia/Tehran
  • ٹرین حادثہ پر ایران کا ہندوستان کے ساتھ اظہار ہمدردی

ایران کے صدر نے ہندوستان میں پیش آئے المناک اور افسوسناک ٹرین حادثہ پر اس ملک کے صدر اور وزیر اعظم کے نام تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔

سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے ایک پیغام میں ہندوستانی صدر اور وزیراعظم سے ہندوستان کی اڈیشہ ریاست میں پیش آنے والے افسوسناک اور المناک ٹرین حادثے کے نتیجے میں متعدد شہریوں کی جانوں کے ضیاع اور زخمی ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

صدر ایران نے اس تعزیتی پیغام میں اسلامی جمہوریہ ایران کی قوم اور حکومت کی جانب سے اس ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اور اس عظیم سانحے پر ہندوستانی حکومت اور عوام کی خدمت میں تعزیت پیش کیا۔

واضح رہے کہ اڈیشہ کے بالاسور میں جمعہ کی رات کو ہونے والے خوفناک ٹرین حادثے میں کم از کم 261 لوگوں کی موت ہو گئی اور 900 سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے۔ بعض ذرائع نے ہلاکتوں کی تعداد 288 بتائی ہے۔ یہ حادثہ شالیمار-چنئی سنٹرل کورومنڈیل ایکسپریس اور بنگلورو- ہاؤڑا ایکسپریس کے پٹری سے اترنے اور مال گاڑی سے ٹکرا جانے کے بعد پیش آیا۔ وزارت ریلوے نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم دیا ہے۔

دریں اثناء حادثے کا شکار ہونے والی ٹرینوں کے ڈرائیور اور گارڈ کے حوالے سے بڑی معلومات سامنے آئی ہیں۔ ریلوے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ان دونوں ٹرینوں کے ڈرائیور اور گارڈ زخمی ہیں اور ان کا مختلف اسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس