Jun ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۰:۰۰ Asia/Tehran
  • ایران اور ہندوستان کا زراعت میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

ایران اور ہندوستان نے زراعت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لینے کے بعد اس شعبے میں تعاون کی توسیع کے مقصد سے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کا شمار ایران کے پہلے پانچ تجارتی شریکوں میں ہوتا ہے اور ایران اُس سے چاول، چائے اور بہت سے مصالحے درآمد کرتا ہے جبکہ اسکے مقابلے میں ہندوستان ایرانی خرما، سیب، زعفران، خشک میوجات بالخصوص پستے کا ایک بڑا خریدار شمار ہوتا ہے۔

ایران کے نائب وزیر زراعت برومندی ان دنوں ہندوستان کے دورے پر ہیں انہوں نے جمعے کی شام ہندوستان کے نائب وزیر زراعت منوج اہوجا سے ملاقات کی جس کے دوران زراعت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور آپسی تعاون کو بہتر بنانے کی ممکنہ راہوں کا جائزہ کیا گیا۔

اس ملاقات میں ایران کے نائب وزیر زراعت نے زراعت کے شعبے میں اپنے ملک کی پیشرفت و ترقی سے آگاہ کرتے ہوئے پھلوں، جڑی بوٹیوں، فصل کو درپیش خطروں اور آفتوں سے مقابلے اور زرعی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کے علاوہ اس شعبے کے ماہرین کے تبادے پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر ہندوستان کے نائب وزیر زراعت منوج اہوجا نے بھی ایران کے ساتھ اپنے ملک کے ثقافتی اور جغرافیائی اشتراکات کا ذکر کرتے ہوئے زرعی شعبے میں ایران کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ کے لئے نئی دہلی کی آمادگی ظاہر کی۔ ساتھ ہی انہوں نے مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو لے کر ایران کی تجاویز کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایران سے کیوی کی درآمدات پر لگی وقتی پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔

ٹیگس