Jun ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۲ Asia/Tehran
  • ہندوستاں میں بپرجوائے سے500 مکانات کو نقصان پہنچا 23 افراد زخمی، پاکستان میں طوفان کا خطرہ ٹل گیا

ہندوستاں میں بپرجوائے طوفان سے تقریباً 500 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث 800 درخت بھی جڑ سے اکھڑ گئے ہیں اور طوفان کے باعث 23 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ پاکستان میں طوفان کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے ڈائریکٹر جنرل اتل کروال نے طوفان کے دوران ہونے والے نقصانات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بپرجوائے طوفان کے زمین سے ٹکرانے کے بعد کسی بھی شخص کی جان نہیں گئی ہے۔ اس طوفان میں تقریباً 500 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث 800 درخت بھی جڑ سے اکھڑ گئے ہیں۔ طوفان کے باعث 23 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اتل کروال نے کہا کہ طوفان کے زمین سے ٹکرانے سے پہلے ہی دو لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔ یہ بہت افسوسناک ہے لیکن لینڈ فال کے بعد اس میں ایک بھی شخص کی جان نہیں گئی۔

این ڈی آر ایف کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں کرناٹک، مہاراشٹر، راجستھان کو بھی بھیجی گئی ہیں کیونکہ وہاں بھاری بارش کے امکانات ہیں۔ یہ طوفان اب انتہائی خطرناک سے صرف خطرناک کے زمرے میں آ گیا ہےاور اب اس کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم ہے۔

ادھر پاکستان میں طوفان بپرجوائے کا خطرہ ٹل جانے کے بعد ٹھٹھہ کے ساحلی مقام کیٹی بندر میں زندگی معمول پر آنے لگی۔

کیٹی بندر سے نقل مکانی کرنے والے ماہی گیروں اور مقامی افراد کی واپسی شروع ہو گئی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد راستے دلدلی ہو جانے سے آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

کیٹی بندر کے دیہاتی علاقوں میں مکین اپنے گھروں اور دکانوں پر پہنچنے لگے۔

طوفان بپرجوائے کے خطرے کے پیشِ نظر کل کیٹی بندر شہر خالی کرا لیا گیا تھا۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سمندر میں طغیانی، تیز ہوا چلنے اور بارش سے نقصانات ہوئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہ نواز کے مطابق بدین میں سمندری طوفان کا خوف کافی حد تک ختم ہو گیا ہے، آج سے ماہی گیر اپنی اپنی بستیوں میں واپس چلے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 2 روز میں تیز ہواؤں اور بارشوں سے ہوئے نقصان کا جائزہ لے رہیں ہے، کوشش ہے کہ ماہی گیروں کے نقصانات کا جلد سے جلد ازالہ کریں۔

ٹیگس