سمندری طوفان بپر جوائے کمزور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل
سمندری طوفان بپر جوائے ہندوستان کی ریاست راجستھان اور پاکستان کے صوبہ سندھ کے علاقے تھر پارکر میں موجود ہے لیکن کمزور ہوکر ڈپریشن میں تبدیل ہوچکا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی ریاست راجستھان کے محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ بپر جوائے سمندری طوفان کمزور ہوکر ڈپریشن میں تبدیل ہو چکا ہے اور سنیچر کو مزید کمزور ہوکر لوپریشر طوفان میں تبدیل ہوجائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کے محکمہ موسمیات نے بھی اعلان کیا ہے کہ بپر جوائے سمندری طوفان کمزور ہوکر ڈپریشن میں تبدیل ہوچکا ہے ۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سنیچر کو بدین اور عمرکوٹ میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے لیکن ہواؤں کی رفتار کے تیس سے چالیس کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
اسی کے ساتھ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں محکمہ موسمیات نے ماہیگیروں کو سمندر میں اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کئے جانے والے لوگوں کی واپسی بھی شروع ہوچکی ہے۔