Jun ۲۰, ۲۰۲۳ ۰۶:۱۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اترپردیش کے سرکاری اسپتال میں 11 مزید اموات، کل تعداد ہوئی 68

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ایک سرکاری اسپتال میں مبینہ طور پر شدید گرمی کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 68 ہوگئی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے بلیا ضلع اسپتال میں پیر کو مزید 11 مریضوں کی موت ہوگئی، اس طرح اس اسپتال میں گزشتہ 5 دن میں مرنے والے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 68 ہوگئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق بلیا کے چیف میڈیکل آفیسر ( سی ایم او) جینت کمار نے  پیر کو بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹے کے دوران کل 178 نئے مریضوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جن میں سے 11 کی موت ہوگئی ہے اور یہ کہ جن کی موت ہوئی ہے وہ مختلف بیماریوں سے متاثر تھے البتہ جینت کمار نے کہا کہ اتوار تک ضلع میں لُو سے صرف دو افراد کی موت ہوئی ہے۔ سی ایم او نے موت کی اصل وجہ پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ اس درمیان ضلع اسپتال میں مبینہ طور پر شدید گرمی کی وجہ سے بڑی تعداد میں ہونے والی اموات کی وجہ کا پتہ لگانے کے لئے ڈاکٹر اے کے سنگھ اور ڈاکٹر کے این تیواری پر مشتمل لکھنو سے ضلع بلیا میں بھیجی گئی محکمہ صحت کی دو رکنی ٹیم نے پیر کو مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس ٹیم نے ضلع اسپتال کا بھی اچانک معائنہ کیا۔ اموات کی تعداد میں اضافے پر کے این تیواری نے پیر کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ ایک اتفاق ہوسکتا ہے کیونکہ ان میں سے زیادہ تر پرانی بیماری والے بوڑھے مریض ہیں۔ انہوں نے اس بات سے انکار کیا کہ یہ اموات شدید گرمی کی وجہ سے ہو رہی ہیں۔ ڈاکٹر تیواری نے کہا کہ ہم سبھی پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ٹیگس