Jun ۲۵, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۶ Asia/Tehran
  • ہندوستانی وزیر اعظم مصر کے دورے پر قاہرہ پہنچے، اقتصادی و دفاعی تعاون پر ہوگی گفتگو

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اپنے غیر ملکی دورے کے دوسرے مرحلے میں امریکہ کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد ہفتہ کو مصر پہنچ گئے۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق یہ دورہ مصر کے صدر السیسی کی دعوت پر انجام پایا ہے جس کے دوران وہ میزبان صدر کے ساتھ دو طرفہ امور اوربین الاقوامی مسائل پر بات چیت کریں گے۔

نریندر مودی کا یہ مصر کا پہلا دورہ ہے اور وہ انیس و ستانوے کے بعد مغربی ایشیائی ملک کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی وزیر اعظم ہیں۔ ساتھ ہی گزشتہ چھبیس برسوں کے دوران یہ کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا پہلا دورۂ مصر بھی شمار ہوتا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق مصر کے صدر السیسی اس سال نئی دہلی میں یوم جمہوریہ کی پریڈ میں مہمان خصوصی تھے۔ توقع ہے کہ دونوں رہنما ملاقات کے دوران اسٹریٹجک تعلقات کو بحال کرنے اور اقتصادی، دفاعی سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت کریں گے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نے ہفتے کے روز اپنے ہم منصب مصطفیٰ مدبولی سے ملاقات کی جس میں اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے اور دفاعی شعبے میں تعاون جیسے مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ نریندر مودی اسی طرح مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر شوقی ابراہیم عبدالکریم عالم سے بھی ملے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق مصر نے ہندوستان سے برہموس میزائل خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جبکہ ہندوستان بھی دفاعی مصنوعات کی برآمدات کے لیے مصر کی طرف دیکھ رہا ہے۔ اسکے علاوہ مصر نے ہندوستان سے تیجس لائٹ ایئرکرافٹ خریدنے میں بھی دلچسپی دکھائی ہے۔

ٹیگس