Jul ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۰:۳۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان بارش اور سیلاب کی زد پر، دسیوں کی موت، دہلی میں اسکول بند

ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں شدید بارشوں کے سبب دسیوں افراد لقمہ اجل بن گئے۔

سحر نیوز/ہندوستان: دہلی اور این سی آر میں شدید بارش سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں اور متعدد علاقوں میں ٹریفک کا نظام مفلوج ہوکر رہ گیا۔

ہندوستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دہلی اور این سی آر کے باشندوں کو بارش سے ابھی راحت نہيں ہے - حکام کا کہنا ہےکہ دہلی اور این سی آر میں بارش کا چالیس سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے - دہلی میں متعدد علاقوں میں درخت گر گئے اور بجلی کے سپلائی نظام میں بھی خلل واقع ہوا ہے۔

ایسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے دہلی حکومت نے آج پیر کے روز تمام اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا اور متعلقہ عہدے داروں کو حکم دیا ہے کہ وہ بچوں کے تحفظ اور بارش کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اسکولوں کا فیزیکل معائنہ کریں۔ دہلی کے وزیراعلی اروندکیجری وال نے دہلی میں حالات کو دیکھتے ہوئے سبھی وزرا اور اعلی افسروں کی چھٹیاں منسوخ کردی ہيں اور کہا ہے کہ وہ بارش کے باعث شہریوں کو ہونے والی مشکلات کو جلد سے جلد حل کرنے کی کوشش کریں-

اُدھر اترپردیش، ہیماچل پردیش، ہریانہ ، اترا کھنڈ ، راجستھان اور ہندوستان کے زیرانتظام جموں کشمیر میں بھی شدید بارش سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نازک صورحال کو دیکھتے ہوئے بعض علاقوں میں ریڈ اور بعض میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ہندوستان کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کو دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بات کی اور موسلادھار بارش کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں اُن سے دریافت کیا۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق اب تک کم از کم ترپن لوگ شدید بارش اور سیلاب کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں اپنی جان گنوا چکے ہیں۔

ٹیگس