منی پور جل رہا ہے: کانگریس صدر
کانگریس نے ایک بار پھر منی پور تشدد پر بحث کا مطالبہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے منگل کو پارلیمنٹ میں کہا کہ منی پور جل رہا ہے، وہاں عصمت دری ہو رہی ہے، گھر جلائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم منی پور کی بات کر رہے ہیں اور وزیر اعظم ’ایسٹ انڈیا‘ کی بات کر رہے ہیں ۔ وہ انڈیا کا مطلب ’ایسٹ انڈیا‘ قرار دے رہے ہیں۔
کھڑگے نے چیئرمین کو بتایا کہ اتنے سارے ارکان پارلیمنٹ قاعدہ 267 کے تحت منی پور پر بحث کا مطالبہ کر رہے ہیں، 4 دن سے نوٹس دے رہے ہیں۔ دراصل، کانگریس سمیت زیادہ تر اپوزیشن پارٹیوں کا کہنا ہے کہ منی پور پر رول 267 کے تحت بحث ہونی چاہیے۔ اس میں وزیر اعظم کو ایوان میں آ کر منی پور پر بیان دینا چاہیے اور پھر اس بیان پر بحث ہونی چاہیے، جس کے بعد ووٹنگ بھی ہو سکتی ہے۔
قبل ازیں، عام آدمی پارٹی کے رکن سنجے سنگھ کی معطلی، منی پور کی صورتحال اور چھتیس گڑھ اور راجستھان میں خواتین کے خلاف تشدد کے معاملوں پر حکمراں پارٹی اور اپوزیشن کے ارکان کے ہنگامہ آرائی کا سلسلہ جاری رہا۔ مانسون اجلاس کا یہ لگاتار چوتھا دن ہے، جب ایوان میں وقفہ صفر کی کارروائی نہيں چل سکی اور ہنگامہ جاری رہا۔
زبردست ہنگامہ آرائی کے سبب راجیہ سبھا کی کارروائی چند گھنٹوں کیلئے ملتوی کر دی گئی۔