Aug ۱۰, ۲۰۲۳ ۲۰:۴۴ Asia/Tehran
  • ہندوستانی پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد ناکام، منی پور پر صرف 6 منٹ بولے مودی

ہندوستانی پارلیمنٹ میں مودی حکومت کے خلاف اپوزیشن کی طرف سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی ہے اور ایوان کی کارروائی جمعہ تک کے لئے ملتوی کردی گئی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر بحث کے تیسرے اور آخری دن آج وزیر اعظم نریندر مودی نے بحث کا جواب دیا اور پہلی بار منی پور کے مسئلے پر بات کی۔ اطلاعات کے مطابق نریندر مودی کی تقریر کے بعد صوتی ووٹوں کے ذریعہ تحریک عدم اعتماد شکست سے دوچار ہوگئی اور اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی جمعہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں ریاست منی پور میں ہونے والے نسلی فسادات پر حکومت کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد منگل کو پیش کی گئی تھی۔

نریندر مودی نے تقریباً 2 گھنٹے تقریر کی لیکن بیشتر اوقات وہ کانگریس اور اپوزیشن اتحاد "اِنڈیا" پر شدید تنقید کرتے نظر آئے۔ انہوں نے منی پور کے تعلق سے صرف 6 منٹ اپنی بات ایوان میں رکھی۔

وزیر اعظم نریندرمودی نے جب لوک سبھا میں بحث کے دوران جواب دینا شروع کیا تو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک انہوں نے منی پور کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا۔ اس سے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران ناراض ہو گئے اور ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی منی پور پر نہیں بول رہے ہیں۔

ہندوستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق نریندر مودی نے کہا کہ مستقبل قریب میں منی پور میں امن ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ منی پور میں ملزمان کو سزا دینے کے لئے مرکزی اور ریاستی حکومت کی طرف سے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "ملک بھروسہ رکھے، منی پور میں امن کا سورج ضرور طلوع ہو گا اور یہ کہ  منی پور کے لوگوں سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ ملک آپ کے ساتھ ہے، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔"

 

ٹیگس