Aug ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۵:۳۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان: مجھے مسلم ووٹوں کی ضرورت نہیں، آسام کے وزیر اعلیٰ

ہندوستان کی ریاست آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے کہا ہے کہ وہ فی الحال مسلم ووٹ نہیں مانگ رہے ہیں اور نہ ہی مسلم ووٹوں کی ان کو ضرورت ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا ذرائع کے مطابق ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے این ڈی ٹی وی کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ انہیں کانگریس پارٹی کی طرح ووٹ بینک کی سیاست پسند نہیں ہے اور یہ کہ انہیں مسلم ووٹوں کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ انتخابات کے دوران مسلم علاقوں میں مہم بھی نہیں چلائیں گے اور مسلمانوں سے ووٹ بھی نہیں مانگیں گے۔

اطلاعات کے مطابق ہیمنت بسوا سرما نے دعویٰ کیا کہ کانگریس صرف ووٹوں کے لئے مسلمانوں سے محبت کا ڈرامہ کررہی ہے، مسلمانوں کو یہ سمجھنا چاہئے۔ آسام کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ مسلمانوں سے کہتے ہیں کہ اپنے بچوں کو مدرسوں میں نہ بھیجیں بلکہ میڈیکل کالج بھیجیں۔ انہوں نے مسلمانوں کو کم عمر میں شادی نہ کرنے کا بھی مشورہ دے ڈالا۔  

قابل ذکر ہے کہ 3 کروڑ 12 لاکھ سے زیادہ والی ریاست آسام میں مسلمانوں کی آبادی سنہ 2011 میں ہوئی مردم شماری کے مطابق 34 اعشاریہ 22 فی صد ہے اور تناسب کے لحاظ سے ہندوستان میں ریاست آسام میں مسلمانوں کی آبادی سب سے زیادہ ہے اور ریاست میں مسلم مدارس خاصی تعداد میں ہیں لیکن اطلاعات کے مطابق ریاست میں بی جے پی کی قیادت والی ہیمنت بسوا حکومت نے مدارس کو نشانہ بنا رکھا ہے۔ ریاست میں کئی مدارس کو منہدم اور سینکڑوں کو بند کیا جا چکا ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے گزشتہ مارچ میں کہا تھا کہ "ہم نے آسام میں اب تک 600 مدارس کو بند کر دیا ہے لیکن میرا منصوبہ تمام مدارس کو بند کرنے کا ہے کیونکہ ہمیں ان کی ضرورت نہیں ہے۔

 

 

ٹیگس