Aug ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۳:۴۸ Asia/Tehran
  • بی جے پی ریاستی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی سازش میں ملوث

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر ریاستی حکومتوں کو کمزور کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: مہاراشٹر کے بیڈ میں ایک ریلی کے دوران نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے کہا کہ اگر چہ بی جے پی مستحکم حکمرانی کی وکالت کرتی ہے لیکن سچائی یہ ہے کہ وہ دیگر قانونی طور پر منتخب پارٹیوں کی ریاستی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کرتی ہے۔
یوم آزادی پر لال قلعہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کے خطاب پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ 15 اگست کو پی ایم مودی نے کہا تھا کہ میں دوبارہ آؤں گا۔ میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ایسا ہی وعدہ مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس نے بھی کیا تھا۔ وہ اقتدار میں ضرور واپس آئیں گے لیکن کمتر عہدے پر۔
شرد پوار نے موجودہ حکومت پر یہ بھی الزام لگایا کہ وہ اقتدار میں رہنے کے لیے ذات پات، مذہب اور زبان پر مبنی تفرقہ انگیز حکمت عملی اپنا رہی ہے۔
خیال رہے کہ مہاراشٹرا میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی)، کانگریس اور شیوسینا کے اتحاد مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کو اقتدار سے بے دخل کر دیا گیا تھا۔

ٹیگس