فضائی سفر سے متعلق مودی کا وعدہ ان کے دوسرے وعدوں کی طرح ہوا میں اڑگیا: کانگریس
کانگریس کے صدر نے ایک مرتبہ پھر نریندرمودی کی حکومت کی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے نے ہفتہ کے روز اڑان اسکیم سے متعلق کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی رپورٹ پر مرکز کی بی جے پی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس مہینے کے اوائل میں پارلیمنٹ میں پیش کی گئی سی اے جی کی رپورٹ مودی حکومت کا چپل پہن کر ہوائی سفر کرنے کا وعدہ، ان کے دوسرے وعدوں کی طرح ہوا میں اڑگیا ہے۔ یہ ہم نہیں، سی اے جی کی رپورٹ کہہ رہی ہے۔
کانگریس پارٹی کے صدر نے کہا کہ یہ اسکیم 93 فیصد راستوں پر کام نہیں کرتی۔ ایئر لائنز کا کوئی آزاد آڈٹ بھی نہیں ہوا۔ بہت زیادہ مشہور ہیلی کاپٹر خدمات بھی ٹھپ ہیں۔ صرف جھوٹ اور بیان بازی چل رہی ہے۔ ہندوستان اب ایسی نااہل حکومت کو کبھی برداشت نہیں کرے گا۔
ان کا یہ بیان سی اے جی کی ایک رپورٹ کے کچھ دن بعد آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اڑان-3 تک الاٹ کیے گئے راستوں میں سے 52 فیصد (774 میں سے 403 روٹس) آپریشنل نہیں ہوسکے۔
شروع کئے گئے راستوں میں سے صرف 112 روٹس (30 فیصد) نے آپریشن مکمل کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان 112 راستوں میں سے صرف 54 روٹس (راستوں کا 7 فیصد) جو کہ 17 RCS ہوائی اڈوں کو جوڑتے ہیں، مارچ 2023 تک تین سال کی رعایتی مدت کے بعد آپریشن جاری رکھ سکے۔