ہندوستان: میزورم میں زیر تعمیر پُل منہدم، 17 مزدور ہلاک، نریندر مودی کا اظہار افسوس
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست میزورم میں آج (بدھ کو) ایک زیر تعمیر ریلوے پُل گر گیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 17 مزدور ہلاک ہوگئے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ریاست میزورم کے علاقے سائرانگ میں آج صبح 10 بجے کے قریب ایک زیر تعمیر ریلوے پُل منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 17 مزدور ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ سائرانگ علاقہ ریاستی دارالحکومت آئیزول سے تقریباً 21 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریلوے پُل پر تعمیراتی کام چل رہا تھا کہ اچانک پُل گرگیا اور یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جب یہ حادثہ ہوا تو وہاں 40 سے زیادہ افراد موجود تھے اور بہت سے مزدوروں کے اب بھی ملبے میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ ایک مقامی پولیس افسر نے بتایا کہ ابھی تک 17 لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور کئی افراد لا پتہ ہیں۔
ادھر ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نریندر مودی نے حادثے پر اپنے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے اہل خانہ کو 2-2 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دینے کا علان کیا ہے۔
دریں اثنا، ریاست میزورم کے وزیر اعلیٰ زورم تھانگ نے بھی حادثے میں مزدوروں کی موت پر اظہار افسوس کیا ہے اور کہا ہے کہ میں اس سانحے پر بہت غم زدہ ہوں اور متاثرہ افراد کے ساتھ اپنی دلی ہمدردی پیش نیز زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتا ہوں۔