Aug ۲۴, ۲۰۲۳ ۲۰:۳۵ Asia/Tehran
  • چاند کی سطح پر چندریان 3 کی تحقیق شروع، ہندوستانی مسلمانوں نے شکرانے کی نماز ادا کی

 ہندوستان نے اپنے چندریان 3 خلائی مشن کے ذریعے چاند کے جنوبی قطب پر تحقیقی کام شروع کردیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے خلائی مشن چندریان 3 نے چاند پر اترنے کے بعد اس کے جنوبی قطب پر تحقیق شروع کردی ہے۔ یاد رہے کہ ہندوستان نے ایک دن پہلے ہی کامیابی کے ساتھ چاند کے جنوبی قطب پر چندریان 3 خلائی مشن اتارا تھا۔ اس طرح ہندوستان چاند پر مشن بھیجنے والا دنیا کا چوتھا اور چاند کے جنوبی قطب پر خلائی گاڑی اتارنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔

اس بڑی کامیابی پر ہندوستانی عوام کے سبھی طبقات میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ہندوستانی عوام نے مختلف طریقوں سے اپنی خوشی کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کو مبارک باد دی جس کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ ہندوستانی خلائی مشن کے چاند پر اترنے کے وقت پورے ہندوستان میں جشن کا سا ماحول تھا اور بہت سی جگہوں پر چراغاں بھی کیا گیا۔

بعض شہروں میں مسلمانوں نے اپنے ملک کی اس بڑی کامیابی پر شکرانے کی نماز ادا کی۔ ہندوستان کے چندریان 3 خلائی مشن نے لانچ ہونے کے بعد سے ہی عوام کی توجہ حاصل کرلی تھی۔ ہندوستان کے تعلیمی اداروں، خاص طور پر اسکولوں میں چاند کے جنوبی قطب پر مشن کے اترنے کی فلم بھی براہ راست دکھائی گئی۔

اس سے پہلے ملک کے ہندوؤں نے چندریان 3 کے چاند پر کامیابی کے ساتھ اترنے کے لئے پوجا کی تھی اور مسلمانوں نے اسی مقصد میں اپنے ملک کی کامیابی کے لئے نماز پڑھی تھی۔

ٹیگس