اقوام متحدہ اپنے اکیسویں صدی کے اہداف پر نظر ثانی کرے، نریندر مودی
ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ عالمی اداروں کو تبدیل ہوتے حقائق کو قبول کرنا ہو گا۔ انھوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اکیسویں صدی کے اپنے اہداف پر نظر ثانی کرے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے پی ٹی آئی سے گفتگو میں کہا ہے کہ بیسویں صدی کے واقعات کو اکیسویں صدی میں جاری نہیں رہنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ عالمی اداروں کو تبدیل ہوتے حقائق کو قبول کرنا ہو گا۔
نریندر مودی نے اقوام متحدہ سے اپیل بھی کی کہ وہ اکیسویں صدی کے اپنے اہداف پر نظر ثانی کرے۔ انھوں نے تاکید کی کہ نئی دہلی کی جانب سے گروپ بیس کی صدارت تیسری دنیا کے ملکوں میں خود اعتمادی پیدا ہونے کا باعث بنی ہے جبکہ ہندوستان کی جانب سے میزبانی کئے جانے کی بنا پر عالمی سطح پر اس ملک کی ساکھ بھی مضبوط ہوئی ہے۔
انھوں نے سائبر جرائم کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور تاکید کی کہ دہشت گرد اپنے اہداف کے حصول کے لئے مختلف قسم کے حربوں کو استعمال کر رہے ہیں۔
ہندوستان کی میزبانی میں گروپ بیس کا سربراہی اجلاس نو اور دس ستمبر کو تشکیل پانے والا ہے جس میں گروپ بیس کے علاوہ بعض دیگر ملکوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گروپ بیس میں امریکہ، فرانس، جرمنی، چین، روس، انڈونیشیا، ترکیہ، ارجنٹائن، ہندوستان، جنوبی افریقہ، برطانیہ، اٹلی، جاپان، سعودی عرب، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، جنوبی کوریا، میکسیکو اور یورپی یونین شامل ہیں۔