جی 20 کے لئے ہمارا نصب العین ایک زمین، ایک خاندان اور ایک مستقبل: نریندر مودی
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان کی ترقی دنیا کے مفاد میں ہے اور ہمارا نصب العین ایک زمین، ایک خاندان اور ایک مستقبل ہے۔
سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے "منی کنٹرول ڈاٹ کام" کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں مذکورہ بات کہی۔ نریندر مودی نے کہا کہ پورا سیارہ ہمارے لئے ایک خاندان کی طرح ہے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے پچھلے 9 سال میں اپنے ملک میں سب کا ساتھ، سب کا وکاس (سب کی ترقی)، سب کا وشواس (سب کا اعتماد) اور سب کا پریاس (سب کی کوشش) کے طریقۂ کار پر عمل کیا ہے اور آج اس ماڈل کی کامیابی کو بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسے وقت میں جی 20 کے صدر بنے جب ہمارے ملک کی صلاحیتوں پر عالمی اعتماد بے مثال سطح پر تھا۔
نریندر مودی نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ جلد ہی جی 20 کے قیام کو 25 سال ہوجائیں گے، اس طرح کا سنگ میل اس بات کا جائزہ لینے کا ایک اچھا موقع ہے کہ جی 20 نے کیا مقاصد طے کئے تھے اور وہ انہیں حاصل کرنے میں کس حد تک کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح صحت کے بارے میں شعور رکھنے والے لوگ اپنی زندگی کا ہر فیصلہ اس بنیاد پر کرتے ہیں کہ اس فیصلے سے ان کی صحت پر کیا اثر پڑے گا، اسی طرح کرہ ارض کا ایک باشعور شہری بننے کی ضرورت ہے۔ اگر طرز زندگی کا ہر فیصلہ کرہ ارض کی فلاح و بہبود کو ذہن میں رکھتے ہوئے کیا جائے تو ہماری آنے والی نسلوں کو فائدہ ہوگا۔