ہندوستان: ملک کے اقتصادی حالات روز بہ روز بدتر ہوتے جا رہے ہیں، پی چدمبرم
ہندوستان کے سابق مرکزی وزیر اور کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما پی چدمبرم نے کہا ہے کہ اُن کی پارٹی ایک ساتھ انتخابات کرانے کی تجویز کو مسترد کرتی ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: اطلاعات کے مطابق ہندوستان کے جنوبی شہر حیدرآباد میں جاری کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے دوران ہونے والی بات چیت کے بارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پر چدمبرم نے کہا کہ اُن کی پارٹی ایک ساتھ انتخابات کرانے کی تجویز کو مسترد کرتی ہے اور یہ کہ ان کی پارٹی الیکشن کمشنروں سے متعلق قانون میں ترمیم کرنے کے لئے مجوزہ بل کی بھی مخالفت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس متعدد آئینی ترامیم کے لئے مطلوبہ ارکان کی تعداد موجود نہیں ہے۔ ہندوستان کے سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں قرارداد کے مسودے پر غور و خوض کیا جا رہا ہے، جس میں سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی کے امور پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
انہو نے کہا کہ افراط زر میں اضافہ، مہنگائی، برآمدات میں گراوٹ اور دیگر وجوہات کی بنا پر ملک کے اقتصادی حالات روز بہ روز بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ قرار داد میں کئی ادوار کی بات چیت کے باوجود علاقائی مسائل پر چین کے ضدی موقف پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔