Oct ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۴:۴۹ Asia/Tehran
  • نوراتری کے دوران گربا رسم
    نوراتری کے دوران گربا رسم

ہندوستان میں 9 رات تک چلنے والے ہندو تہوار "نو راتری"  کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے گزشتہ دو دن میں 12 افراد کی جان چلی گئی۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست گجرات میں دل کا دورہ پڑنے کے واقعات میں اچانک اضافہ ہوا ہے اور 9 رات اور دس دن تک جاری رہنے والے ہندو تہوار "نو راتری"  کے دوران گزشتہ دو دن میں 12 افراد کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق خاص طور سے نوجوان دل کے دورے کا شکار ہو رہے ہیں۔

احمد آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں ریاست گجرات میں دل کا دورہ پڑنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور تشویش کی بات یہ ہے کہ دل کے دورے کا شکار نوعمر افراد اور نوجوان ہو رہے ہیں۔ راج کوٹ میں ایک 28 سالہ نوجوان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔ دوارکا، گریٹر امبالا اور رام نگر میں بھی 3 نوجوان دل کے دورے کا شکار ہوئے ہیں۔

ادھر ریاست کے ہی ایک علاقے دبھوئی میں ایک 13 سالہ لڑکا دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔ ریاست کےبعض مقامات پر نوراتری کی ایک رسم "گربا" کھیلتے وقت دل کا دورہ پڑنے سے کئی افراد کی موت ہوئی ہے۔

ریاست میں نوجوانوں کو دل کا دورہ پڑنے کے واقعات میں اضافے سے لوگوں میں تشویش پھیل گئی ہے، وہیں طبی شعبے سے وابستہ افراد بھی ان واقعات سے تشویش میں ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے گربا کے منتظمین سے کہا ہے کہ گربا کے ہر اجتماع میں ایمبولینس اور طبی ٹیمیں موجود رہیں۔

ٹیگس