Oct ۳۰, ۲۰۲۳ ۱۲:۰۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: آندھر پردیش میں ٹرین حادثہ، 14 افراد ہلاک، متعدد ٹرینیں منسوخ

ہندوستان کی ریاست آندھرپردیش میں دو ٹرینوں کی ٹکر میں 14 افراد ہلاک اور 50 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی جنوبی ریاست آندھر پردیش کے وجے نگرم علاقے میں اتوار کی شام دو ٹرینوں کی ٹکر میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 14 ہوگئی ہے اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 51 ہے۔

ہندوستانی میڈیا کی آج کی رپورٹوں کے مطابق وجے نگرم علاقے میں المانڈا اور کنکٹ پلی کے درمیان دو مسافر ریل گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں دونوں ٹرینوں کے مجموعی طور پر 5 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔

ابتدائی خبروں میں اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 6 بتائی گئی تھی لیکن اس کے بعد اس تعداد میں اضافہ ہوتا گیا اور آخری اطلاعات ملنے تک مرنے والوں کی تعداد 14 ہوگئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔  اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں 12 ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں اور 15 ٹرینوں کا راستہ بدلا گیا ہے۔

دریں اثنا، ہندوستان کے ریلوے کے مرکزی وزیر نے بتایا ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو 10-10 لاکھ روپے، زخمیوں کو 2-2 لاکھ اور جزوی طور پر زخمی ہونے والوں کو 50-50 ہزار روپے امداد کے طور پر دیئے جائیں گے۔

ادھر آندھر پردیش کے وزیر اعلیٰ جگن موہن ریڈی نے بھی امدد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو 10-10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے اور زخمی ہونے والوں کو 2-2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

 

ٹیگس