Nov ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۲:۱۹ Asia/Tehran
  • مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں ووٹنگ جاری ، کانگریس اوربی جے پی مدمقابل

مدھیہ پردیش کی 230 اسمبلی سیٹوں پر 2,533 امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کرنے کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ چھتیس گڑھ میں انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کے لیے 70 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بی جے پی اور کانگریس کے درمیان براہ راست مقابلہ ہے۔ چھتیس گڑھ کے کچھ نکسل متاثرہ پولنگ مراکز پر سہ پہر تین بجے تک پولنگ ہوگی، جبکہ بقیہ تمام مراکز پر پولنگ شام 6 بجے تک ہوگی

مدھیہ پردیش میں 5.6 کروڑ سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹر ہیں۔ چھتیس گڑھ میں ووٹنگ کے دوسرے اور آخری مرحلے میں وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ، آٹھ وزراء اور چار اراکین اسمبلی سمیت 958 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ چھتیس گڑھ میں دوسرے مرحلے میں 70 سیٹوں پر 1,63,14,479 ووٹر کل 958 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے، جن میں 827 مرد، 130 خواتین اور ایک تیسری جنس کا امیدوار شامل ہے۔

دریں اثنا، ایم پی اور چھتیس گڑھ کے کچھ علاقوں سے ہنگامہ آرائی اور ہوائی فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔  رپورٹ کے مطابق مدھیہ پردیش کے دیمنی، جھابوا اور بھینڈ جبکہ چھتیس گڑھ کے رائے پور سے ہنگامہ آرائی کے کچھ واقعات رونما ہوئے ہیں۔ مورینہ کی دیمنی سیٹ پر ہوائی فائرنگ بھی ہوئی ہے۔ اس سیٹ سے مرکزی وزیر نریندر تومر انتخاب لڑ رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہوائی فائرنگ کے بعد موقع پر بھگدڑ مچ گئی جس کے سبب 2 افراد زخمی ہو گئے۔

ٹیگس