Nov ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۹:۲۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں ووٹنگ ختم، بالترتیب 71٪ اور 68٪ سے زیادہ ووٹنگ

ہندوستان کی دو ریاستوں مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں آج ریاستی اسمبلی کے لئے ووٹ ڈالے گئے۔ شام 5 بجے تک مدھیہ پردیش میں 71 اعشاریہ 16 فی صد اور چھتیس گڑھ میں 68 اعشاریہ 15 فی صد ووٹنگ ہوئی۔

سحرنیوز/ ہندوستان: چھتیس گڑھ میں آج جمعہ کو دوسرے اور آخری مرحلے میں 70 نشستوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے۔ یہاں 7 نومبر کو پہلے مرحلے میں 20 سیٹوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے تھے اور پہلے مرحلے میں 78 فی صد پولنگ ہوئی تھی۔ چھتیس گڑھ میں آخری مرحلے میں 70 سیٹوں پر لڑنے والے کل 958 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں بند ہو گئی۔

اطلاعات کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ میں آئی ای ڈی دھماکے میں آئی ٹی بی پی کا ایک جوان ہلاک ہوگیا۔ آئی ٹی بی پی کا یہ سیکورٹی اہلکار گڑیا بند ضلع میں نکسلی حملے میں مارا گیا ہے۔ یہ جوان ایک پولنگ پارٹی کے ساتھ سیکورٹی پر مامور تھا جو ضلع کے ایک دور دراز گاؤں سے واپس جا رہی تھی۔

دوسری طرف مدھیہ پردیش کی تمام 230 سیٹوں کے لیے آج ووٹ ڈالے گئے۔ ووٹنگ کے دوران رائے دہندگان میں جوش و خروش دیکھا گیا۔  اس ریاست کی 230 سیٹوں کے لئے 2 ہزار 533 امیدوار میدان میں تھے۔

مدھیہ پردیش کے مورینا ضلع کے دیمانی اسمبلی حلقے میں جمعہ کی صبح دو گروپوں کے درمیان پتھراؤ ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ اس پٹھراؤ میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

واضح رہے کہ ہندوستان کی 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کا عمل جاری ہے جس میں تین ریاستوں میزورم، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں ووٹنگ مکمل ہوگئی اور دو ریاستوں راجستھان اور تلنگانہ میں بالترتیب 25 اور 30 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ پانچوں ریاستوں میں 3 دسمبر کو ایک ساتھ ووٹوں کی گنتی ہوگی۔

 

ٹیگس